وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایران سے مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جس سے دیرپا امن کی راہ ہموار ہونے کی امید ہے۔
ایک بیان میں دورہ ایران کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ ایران کی قیادت سے ہونے والی ملاقات میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی اور تنازع کے جامع حل کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور میری ایرانی صدر سے انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی جس میں ایران، امریکا تنازع اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی صدر سے ملاقات انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس دوران ایرانی صدر نے اپنی حکومت کا مؤقف اور تحفظات کھل کر بیان کیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جس سے خطے میں دیرپا امن کی راہ ہموار ہونے کی امید ہے۔
واضح رہے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے دورے کے دوران ایرانی صدر سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں جس میں کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کیلئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل کے ہمراہ وزیرِداخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ فیلڈ مارشل کا دورہ ایران پاکستان کی ان فعال سفارتی کوششوں کا حصہ ہے جو خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور جاری امریکہ ایران تنازع میں جاری تعطل کو توڑنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
ملاقاتوں کے دوران علاقائی امن کے قیام اور تمام تنازعات کو ڈائیلاگ اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
گزشتہ روز ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال ایرانی وزیرِداخلہ اسکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے کیا تھا۔



