حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں انتظامی عہدوں کی بھرتیوں میں مبینہ بے قاعدگیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے ، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ اور چیف انٹرنل آڈیٹر کی بھرتیوں پر انکوائری مکمل ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق بھرتیوں میں میرٹ نظرانداز اور اہلیت کے معیار میں تبدیلیاں کی گئیں، ڈائریکٹر فنانس کی بھرتی میں تیسرے نمبر پر آنے والے امیدوار کو مبینہ فائدہ پہنچایا گیا۔
ڈائریکٹر فنانس کی بھرتی کے دوران اہلیت کے معیار میں مبینہ تبدیلی کا انکشاف ہوا، بھرتی کے معیار میں سرٹیفائیڈ انٹرنل آڈیٹر کی سند شامل کرکے 15 نمبر دیئےگئے۔
انکوائری کے مطابق امیدوارکے ابتدائی نمبر 47 کے بجائے 49 درج کیے گئے، ڈائریکٹر فنانس کے عہدے کے لیے 8 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ رولز کی خلاف ورزی ہے۔طبی تدریسی اداروں میں ڈائریکٹر فنانس کی ابتدائی تنخواہ 4 سے ساڑھے 4 لاکھ روپے ماہانہ رہی۔
انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں ڈائریکٹر پروکیورمنٹ کی بھرتی میں مفادات کے ٹکراؤ کا الزام لگایا گیا،سلیکشن کمیٹی میں شامل میڈیکل ڈائریکٹر کے برادر نسبتی ڈائریکٹر پروکیورمنٹ کے امیدوار تھے۔
معاملے پر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس انتظامیہ نے مؤقف دینے سے گریز کیا ہے ۔



