اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے سیاست اور بیان بازی سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج سے متعلق عدالتی حکم پر انتظامیہ نے آئین و قانون کے مطابق مکمل عملدرآمد کیا تاہم تحریک انصاف کی جانب سے اس معاملے پر جھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت کے مؤقف میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی، صحت کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور آئندہ بھی اس معاملے پر کوئی سیاست نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم نامے میں جو ہدایات دی گئی تھیں، ان کے مطابق تمام انتظامات کیے گئے تھے، اسپتال میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ اور شفا اسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے، ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے سے متعلق سپریم کورٹ کی جانب سے حکم آیا تھا اور انتظامیہ نے اس پر عملدرآمد یقینی بنایا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف پر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شفا اسپتال کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد جمع کی گئی، سوال یہ ہے کہ اسپتال کے باہر ٹولیوں میں لوگوں کو کس نے جمع کیا اور کیا پریس کانفرنس کرکے عدالتی حکم کی خلاف ورزی نہیں کی گئی؟
عطا تارڑ نے کہا کہ عدالت نے واضح طور پر کہا تھا کہ معاملے پر کوئی سیاسی بیان بازی نہیں کی جائے گی لیکن تحریک انصاف کی جانب سے سیاسی بیانات اور احتجاج کے ذریعے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی گئی، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بے بنیاد توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے قوم کو اس معاملے پر لمحہ بہ لمحہ تمام حقائق سے آگاہ رکھا جبکہ نظرثانی اپیل میں تمام قیدیوں کے لیے سہولتوں سے متعلق بھی سوال اٹھایا گیا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب اور پاکستان بار کونسل نے تحریک انصاف کے سیاسی پروپیگنڈے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے اور بار کونسلز نے تنبیہ کی ہے کہ ان کا نام سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف نے عدالتی حکم نہ مان کر اپنی کرائی گئی یقین دہانی کی نفی کی، عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پہلی بار ایسا ہوا کہ کسی جماعت نے اپنے ہی بانی کے علاج میں رخنہ ڈالا، اگر پی ٹی آئی واقعی بانی کے علاج کی خواہاں تھی تو راستے میں رکاوٹیں کیوں کھڑی کی گئیں؟
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اس معاملے میں سیاست اور بیان بازی کی گئی جبکہ سیکیورٹی میں بھی رخنہ ڈالا گیا، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔

