پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر حکومت کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرنے اور ان کا طبی معائنہ کرانے کی استدعا کی ہے۔
پی ٹی آئی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عدالتی افسر کی تعیناتی یا لوکل کمیشن مقرر کیا جائے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے تاہم حکومت نے عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیا جہاں ان کا طبی معائنہ کرنے کے بعد واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان اکرم راجا اور عزیر بھنڈاری کی دائر کردہ درخواست میں سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکمنامے کی مبینہ خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں توہین عدالت کے مرتکب ہونے والوں کو شوکاز نوٹس جاری کرنے اور ذاتی حاضری کا حکم دینے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ جواب دہندگان کو توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق سزا دی جائے۔



