وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ ایکس پر ایک متنازع پوسٹ کرنے کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں جہاں صارفین ان کی ٹویٹ کو ‘اخلاقی گراوٹ’ سے تعبیر کر رہے ہیں۔
بدر شہباز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی اسسٹنٹ سیکرٹری اور طویل عرصے سے میڈیا ٹیم کے مرکزی رُکن بھی ہیں۔ انہیں اپریل 2024 میں وزیر اعظم شہباز شریف کا میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل عبوری دورِ حکومت میں بھی وہ 16 ماہ اسی عہدے پر فائز رہے۔
انہوں نے گزشتہ شب ایکس پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ” ہسپتال سے ویڈیو آگئی” جبکہ ویڈیو میں ایک غیر ملکی سکیورٹی اہلکارکو ایک کتے کو گردن سے اٹھائے ایک راہداری سے گزرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ہسپتال سے ویڈیو آگئی pic.twitter.com/cm94fWmfr4
— Badar Shahbaz 🇵🇰 (@BSWarraich) August 20, 2026
یہ ویڈیو رات 12 بجے پوسٹ کی گئی جب سوشل میڈیا پر پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیے جانے کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں جمعرات اور جمعہ کے درمیانی شب شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ایک بیان میں واضح کیا کہ ‘قیدی’ کا پمز اسپتال میں ‘تفصیلی معائنہ’ ہوا جس دوران ڈاکٹرز نے انہیں ‘صحت مند’ قرار دیا۔ پمز منتقلی کی تصدیق بعد ازاں عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے بھی کی۔
ویڈیو پوسٹ کرنے کے لگ بھگ 3 گھنٹے بعد وزیر اعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر نے اسی پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھا، ” شاید چائنہ کے کسی ہسپتال کی ویڈیو ہے لیکن پی ٹی آئی والے گالی کیوں دے رہے ہیں؟”
شاید چائنہ کے کسی ہسپتال کی ویڈیو ہے لیکن پی ٹی آئی والے گالی کیوں دے رہے ہیں؟ https://t.co/1hpzXPj45H
— Badar Shahbaz 🇵🇰 (@BSWarraich) August 20, 2026
ان ‘ذو معنی’ پوسٹوں پر جہاں بظاہر عمران خان سے ہمدردی رکھنے والے صارفین نے انہیں شدید برا بھلا کہا وہیں کچھ صارفین نے ‘اس سیاسی رویے کی شدید مذمت’ کی۔

ایک صارف نے اس پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے بدر شہباز کو ان کے عہدے کا پاس رکھنے کا مشورہ دیا۔

یاد رہے کہ بدر شہباز کو 2025 میں میڈیا کے شعبے میں نمایاں خدمات پر تمغۂ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔
ایک اور صارف نے سخت زبان کا استعمال کرتے ہوئے کمنٹ کیا کہ “موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز کا ایسی ٹویٹ کرنا اصل میں ان کی ‘اخلاقی گراوٹ’ اور ‘اخلاقی پستی’ کو ظاہر کر رہا ہے۔”

