ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ،صوابی میں چھت گرنے سےباپ اور بیٹی جاں بحق ہوگئے ، ایک شہری برساتی نالہ میں ڈوب گیا۔مری کے ندی نالوں میں بھی طغیانی آگئی۔
ہم نیوز کے مطابق صوابی میں بارش نے تباہی مچادی،ٹوپی کے محلہ آزاد خیل میں بارش کے باعث پڑوسی کی دیوار قریبی گھر کی چھت پر جاگری، حادثے میں باپ اور بیٹی جاں بحق جبکہ ماں اور بیٹا زخمی ہوگئے۔ملبے تلے پھنسے افراد کو مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکال کر ٹوپی ہسپتال منتقل کیا۔
ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی، شہری سیلاب کا خدشہ
دوسری جانب دو بیان کا رہائشی شفیق برساتی نالہ میں ڈوب گیا جس کی تلاش جاری ہے ، صوابی کے علاقے منصبدار میں طغیانی سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا، لوگ گھروں میں محصورہو کر رہ گئے ، رابطہ سڑک بند ہوگئیں، قمرگی، ترکئی، لنڈی چم اور ڈھنڈوقہ میں بھی طغیانی کے باعث صورتحال متاثر ہوئی ہے، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ریسکیو 1122 صوابی کے مطابق بارش اور طغیانی کے پیش نظر تمام ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
علاوہ ازیں 14 اگست کو ہنڈ صوابی اور چارسدہ میں ڈوبنے والے آخری شخص کی میت نوشہرہ سے مل گئی،حادثے کا شکار ہونے والوں میں مردان سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے باپ اور دو بیٹے بھی شامل ہیں۔
سرچ آپریشن میں صوابی، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ اور مردان کی غوطہ خور ٹیموں نے حصہ لیا،ریسکیو کا سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش،رین ایمرجنسی نافذ
دوسری جانب مری میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ۔ڈی پی اوکے مطابق بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، موسمی صورتحال کے پیش نظر سیاح احتیاط کریں شہری زیرآب سڑکوں پر گاڑی چلانے سے گریز اورہنگامی صورتحال میں مری پولیس سے رابطہ کریں۔
یاد رہے گزشتہ 3 روز سے ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی کے کئی مقامات ڈوب گئے ، شہریوں کو قیمتی سامان سے ہاتھ دھونے پڑے۔
