جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل موسلا دھار بارش جاری ہے ، نالہ لئی کی سطح بلند ہے ،رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ،محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے چار گھنٹے مزید بارش کی پیش گوئی کردی۔
واضح رہے ملک کے دیگر شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،مختلف حادثات میں کئی افراد جان بھی گنوا بیٹھے ہیں ۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں اوسطاً 91.76 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، سید پور 91، ایچ ایٹ 86 ،گولڑہ 88،بوکرہ 70 ،شمس آباد 66اور چکلالہ میں 48 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔نالہ لئی میں گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہے ۔کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی کی سطح 21 فٹ،گوالمنڈی کے مقام پر15 فٹ کی سطح پر پہنچ گئی۔
ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی
واسا ہائی الرٹ ہے،ایم ڈی نے تیز بارش کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کردی، ،اسلام آباد ایکسپریس وے پر موسلادھاربارش کے باعث ٹریفک متاثرہوئی۔
ترجمان ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کیلئے نشیبی علاقوں میں عملہ و ہیوی مشینری تعینات ہے، ایم ڈی واسا فیلڈ میں موجود ہیں جہاں وہ نکاسی آب آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
لیاقت باغ، کمیٹی چوک ، مری روڈ اور صادق آباد میں ہیوی مشینری تعینات ہے،نالہ لئی اور شہر بھر کے نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے،
نالہ لئی کے ارد گرد بسنے والے شہریوں کو الرٹ رہنے کیلئے سائرن بجائے گئے ہیں،شہری غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں ،بجلی کے کھمبوں اور نالوں سے دور رہیں۔
شدیدبارش؛موٹر وے پر متعددگاڑیاں ٹکرا گئیں، ایک شخص جاں بحق
ادھرٹریفک پولیس نے اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث ایڈوائزری جاری کردی ، جس میں شہریوں کو کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کی رفتارآہستہ رکھیں،شہری آگے والی گاڑیوں سے فاصلہ رکھیں اورفوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
دوران ڈرائیونگ سائیڈ شیشوں، انڈیکیٹرز اور سیٹ بیلٹ کا استعمال لازمی کریں،موٹرسائیکل سوار انتہائی بائیں لین میں چلیں اور ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں،اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی آگاہی کے لیے سڑکوں پر موجود ہیں۔
راولپنڈی ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
🌧️ شدید بارش میں خدمت
سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے افسران اور جوان آپ کے محفوظ اور پُرسکون سفر کے لیے شدید بارش میں بھی مصروفِ عمل ہے۔
آپ احتیاط کریں، ہم آپ کی مدد کے لیے موجود ہیں۔ 🚦 pic.twitter.com/OmFf6rU9Ja
— City Traffic Police, Rawalpindi (@ctprwp) August 19, 2026
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر و نواح میں مزید بارش کاامکان ہے،راولپنڈی ، ٹیکسلا ،واہ کینٹ، مری اور گلیات میں بھی مزید بارش متوقع ہے۔
