تہران: پاسداران انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران سے رابطے کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے اسے جھوٹ اور محض خیالی باتیں قرار دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کے ترجمان نے کہا کہ امریکا کا ایران سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، ٹرمپ کا رابطے سے متعلق دعویٰ جنگ میں ناکامی اور بے بسی کے باعث پیدا ہونے والے وہم کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے بیانات کے ذریعے تیل اور توانائی کی قیمتوں کو عارضی طور پر قابو میں رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاسداران انقلاب نے کہا کہ امریکی صدر کے پاس اب صرف ایک ہی راستہ ہے کہ وہ اپنی شکست تسلیم کریں اور ایران کی شرائط پوری کریں۔
واضح رہے کہ ایرانی حکام کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسلسل ایران کے ساتھ رابطوں اور مذاکرات کے حوالے سے مختلف دعوے کر رہے ہیں۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاسداران انقلاب سے بیک چینل مذاکرات کی تصدیق کی تھی۔
امریکا اور ایران کے درمیان 60 روزہ جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پر سخت مؤقف برقرار رکھتے ہوئے کہا تھا کہ تہران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے دستبردار ہونا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی عمان کو دھمکی، ایران کو بھی سفید جھنڈا لہرا کر ہتھیار ڈالنے کا مشورہ
ان کا کہنا تھا کہ ایران کو ’’سفید جھنڈا لہرانا‘‘ چاہیے۔ امن کے لیے اب بھی وقت موجود ہے اور وہ مذاکرات کے لیے کسی مقررہ ڈیڈ لائن کے پابند نہیں۔ ان کے بقول، ’’میں جلدی میں نہیں ہوں‘‘ اور بنیادی مقصد یہ ہے کہ ایران کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے۔
