وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز کے مارجن میں نظرثانی کی منظوری دے دی گئی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر غور کیا گیا اور موٹر اسپرٹ (ایم ایس) اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) پر ڈیلرز کے مارجن میں نظرثانی سے متعلق معاملے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
Finance Minister Chairs ECC, Approves Revision in Dealers’ Margins on Petroleum Products
Federal Minister for Finance and Revenue, Senator Muhammad Aurangzeb, today chaired a meeting of the Economic Coordination Committee (ECC) of the Cabinet, held at the Finance Division.
The… pic.twitter.com/tgziq5ZdTo
— Ministry of Finance, Government of Pakistan (@Financegovpk) August 14, 2026
ای سی سی کی منظوری کےبعد ڈیلرز مارجن ایک روپیہ 34 پیسے اضافے کے ساتھ فی لیٹر 9روپے 98 پیسے ہوگیا ہے۔ اس کے قبل ڈیلرز کا فی لیٹر مارجن 8 روپے 64 پیسے تھا۔
وائس چیئرمین آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی نے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یاد رہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کل یعنی اگست 15 سے غیر معینہ مدت تک ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر رکھا تھا۔
ایسویسی ایشن نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں اسی “ہڑتال کی دھمکی” کو ڈیلرز مارجن میں اضافے کی بینادی وجہ قرار دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے تلخ مذاکرات کے بعد پیٹرولیم وزیر نے ٹیلی فون پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش سے رابطہ کیا اور انہیں بتایا کہ وزیراعظم نے ڈیلرز کے مارجن میں 1.34 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
ایسوی ایشن کے مطابق روزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے حوالے سے بھی وزیرِ اعظم کو نئی سمری بھجوائی گئی ہے جس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال میں کمی کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے کی طرح 7 یا 15 روز پر متعین کی جا سکتی ہیں۔
ایسوسی ایشن کے صدر کے مطابق ڈیلرز کے 8 فیصد مارجن کے مطالبے پر ایک مشترکہ کمیٹی بنائی گئی ہے جو 30 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ “ہم نے حکومت کی یقین دہانیوں پر ہفتے کو ہونے والی ہڑتال ملتوی کی ہے اور جب تک ہمارے تمام مطالبات منظور نہیں ہوجاتے اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔”
ای سی سی کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ سمیت متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں کے وفاقی سیکریٹریز اور سینئر حکام نے شرکت کی۔
