وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے سہ فریقی دفاعی معاہدے سے متعلق آگاہ کیا۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق آصف علی زرداری نے جواباً دفاعی تعاون، علاقائی امن و استحکام اور امتِ مسلمہ کی سلامتی کے فروغ کے حوالے سےسہ فریقی معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط تزویراتی شراکت داری میں ڈھالنے کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔
ملاقات میں داخلی اور خارجی امور سمیت فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور وطنِ عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی صدر آصف علی زرداری سےایوانِ صدر میں ملاقات۔
وزیراعظم نے صدر کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔
ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن رضا نقوی، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان… pic.twitter.com/U4wYDRwXYM
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) August 14, 2026
صدر مملکت نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں ریلیف فراہم کرنے، اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی اور انہیں مناسب نرخوں پر دستیاب بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ علاقائی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی مؤثر سفارتی کاوشوں سے ملک کے عالمی مقام کو مزید تقویت ملے گی اور اس کے مثبت اثرات ملکی معیشت اور عوام کی زندگیوں پر مرتب ہوں گے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کے دوران صدر مملکت کو یومِ آزادی کی مبارکباد بھی دی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن رضا نقوی، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھے۔
