عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگیز کی شادی سے قبل کئی ماہ تک یہ خبریں گردش کرتی رہیں کہ جوڑا اپنی شادی پر تقریباً 12 ملین ڈالر خرچ کرے گا۔
میڈیا اور سوشل میڈیا پر خبریں گردش کرتی رہیں کہ رونالڈو اور جارجینا پرتگال کے آبائی جزیرے میڈیرا میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کریں گے، جس میں مہمانوں، پرتعیش لباس، تفریح، سفری انتظامات اور سیکیورٹی پر خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔
تاہم جوڑے نے اس کے برعکس انتہائی سادہ اور نجی انداز اختیار کیا۔ دونوں نے پرتگال کے ساحلی شہر کاسکائس میں ایک نجی تقریب میں شادی کی، جس میں صرف ان کے پانچ بچے شریک ہوئے۔
گلف نیوز کے مطابق شادی کی تقریب میں نہ کسی بڑے وینیو کا انتخاب کیا گیا، نہ معروف شخصیات کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کیا گیا اور نہ ہی کسی بڑی اور پرتعیش استقبالیہ تقریب کا اہتمام ہوا۔
Cristiano Ronaldo and Georgina Rodriguez married Tuesday in a civil ceremony described by the public relations team that represents the Portuguese soccer star as "a private and intimate moment attended by their five children." Via : CNN pic.twitter.com/QGeggSvTa2
— Beatnestog (@SaLekhnath) August 12, 2026
رونالڈو اور جارجینا کی شادی کے اخراجات کے حوالے سے گردش کرنے والے 12 ملین ڈالر کے تخمینے میں ممکنہ طور پر جیولری، مہنگے ملبوسات، عالمی معیار کی تفریح، مہمانوں کے سفری اخراجات اور سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو شامل کیا گیا تھا۔
جوڑے نے زیورات کے معاملے میں بھی سادگی کو ترجیح دی۔ جارجینا عام طور پر قیمتی اور بڑے ہیروں کے زیورات میں نظر آتی ہیں اور ان کی منگنی کی انگوٹھی بھی انتہائی قیمتی قرار دی جاتی رہی ہے، تاہم شادی کے موقع پر دونوں نے سادہ طلائی انگوٹھیوں کا تبادلہ کیا۔
رونالڈو اور جارجینا گزشتہ تقریباً ایک دہائی سے ایک ساتھ ہیں۔ دونوں کی ملاقات میڈرڈ میں ایک لگژری اسٹور میں ہوئی تھی، جہاں جارجینا اس وقت ملازمت کرتی تھیں اور رونالڈو ریئل میڈرڈ کی جانب سے کھیل رہے تھے۔
رونالڈو نے 10 سالہ رفاقت کے بعد دیرینہ ساتھی جارجینا سے شادی کر لی
جوڑے کی جانب سے شادی کو انتہائی محدود اور نجی رکھنے کا فیصلہ اس تاثر کے برعکس ہے کہ دنیا کے امیر ترین اور مشہور ترین کھیلوں کے ستاروں کی شادی لازماً ایک بڑی اور مہنگی تقریب ہونی چاہیے۔
شادی کے انداز سے ظاہر ہوتا ہے کہ رونالڈو اور جارجینا نے اس موقع پر نمود و نمائش کے بجائے خاندان اور نجی زندگی کو ترجیح دی۔
