ملک میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 4 ہزار 200 روپے مہنگا ہوگیا، جس کے بعد سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 63 ہزار 936 روپے فی تولہ ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 601 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 97 ہزار 750 روپے کا ہوگیا۔
سونے کی قیمت میں اضافے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹ میں قیمتی دھات کی قیمتیں ایک بار پھر بلند سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
سونے کی قیمت میں حالیہ اضافے سے زیورات کی خریداری بھی مزید مہنگی ہوگئی ہے، جبکہ مارکیٹ میں سونے کے آئندہ نرخوں کے حوالے سے بھی اتار چڑھاؤ برقرار رہنے کا امکان ہے۔
عالمی منڈی میں سونا مزید مہنگا ، قیمت 2 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
خیال رہے کہ آج عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرزکے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت ایک فیصد اضافے کے بعد 4,432.74 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی ، جو 5 جون کے بعد سونے کی بلند ترین قیمت ہے۔
اس کے علاوہ امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت میں بھی 1.7 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 4,492.60 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت 0.9 فیصد اضافے کے بعد 66.30 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.7 فیصد اضافے کے بعد 1,765.26 ڈالر جبکہ پیلاڈیم 0.8 فیصد اضافے کے بعد 1,394 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔
