دورہ انگلینڈ پر موجود پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے وارم اپ میچ کا دورانیہ کم کرکے چار روز سے تین روز کردیا گیا۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میچ کے دورانیے میں تبدیلی پر اتفاق کرلیا ہے۔
کینٹ کرکٹ کے مطابق پاکستان اور پی سی سی سلیکٹ الیون کے درمیان وارم اپ میچ اب 13 اگست سے شروع ہوگا۔ میچ دی کاؤنٹی گراؤنڈ، بیکنہم میں کھیلا جائے گا۔
ابتدائی شیڈول کے مطابق پریکٹس میچ چار روزہ تھا تاہم اب اسے کم کرکے تین روزہ کردیا گیا ہے۔
کینٹ کرکٹ نے شائقین کیلئے ٹکٹوں سے متعلق بھی اہم اعلان کیا ہے، انتظامیہ کے مطابق 12 اگست کے میچ کیلئے ٹکٹ خریدنے والے تمام شائقین کو ٹکٹ کی مکمل رقم واپس کردی جائے گی۔ جبکہ 13، 14 اور 15 اگست کیلئے پہلے سے خریدے گئے تمام ٹکٹس قابل قبول رہیں گے۔
ورلڈ کپ 2027 کیلئے کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں، ویسٹ انڈیز براہ راست کوالیفائی نہ کر سکی
تین روزہ وارم اپ میچ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کیلئے انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے قبل تیاری کا اہم موقع ہوگا۔ قومی ٹیم میچ کے دوران انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے اور کھلاڑیوں کو پریکٹس کا بھرپور موقع فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔
دورانیہ کم ہونے کے باوجود میچ میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے ماحول اور پچ کنڈیشنز میں کھیلنے کا اہم تجربہ حاصل ہوگا، جبکہ ٹیم مینجمنٹ کو ٹیسٹ سیریز سے قبل کھلاڑیوں کی فارم اور کارکردگی جانچنے کا موقع بھی ملے گا۔
