ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمدباقر قالیباف کو مذاکرات کیلئے اسلام آباد کے دورے کی دعوت دی ہے، دونوں رہنما مناسب وقت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان باہمی دورے اور وفود کے تبادلے دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تعلقات کا فطری عمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا، پاکستان نے جنگ بندی سمیت سفارتی کوششوں میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں پیش رفت جاری ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطے اور مشاورت کا سلسلہ برقرار ہے۔
محسن رضائی ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سربراہ مقرر
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایرانی قیادت پاکستان کی جانب سے سفارتی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، جبکہ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمدباقر قالیباف پاکستان کا دورہ مناسب وقت پر کریں گے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے ایران کو کوئی خطرہ نہیں۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے، جب تک معاہدے کی خلاف ورزی ہوتی رہے گی، امریکا سے کوئی بات نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق ایران اور عمان کے درمیان مثبت مذاکرات ہوئے، تیسری قوت مداخلت نہ کرے تو آبنائے ہرمز کو کھولا جا سکتا ہے، امریکا مشرق وسطی میں عدم استحکام کا ذمہ دار ہے۔ معاہدے کے باوجود اسرائیل نے غزہ میں بمباری کی، اسرائیل خطے میں اشتعال انگیزی پھیلا رہا ہے ، ایران ہمیشہ فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا۔
