چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر کی تاریخ میں اتنا مشکل وقت کبھی نہیں آیا جتنا اس وقت ہے، موجودہ صورتحال میں ہر پاکستانی اور ہر کشمیری پریشان ہے، آزاد کشمیر میں امن قائم کیا جائے تاکہ عام آدمی معمول کی زندگی گزار سکے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مشکل وقت کا بوجھ پونچھ ڈویژن کے عوام اٹھا رہے ہیں، حکومت اور احتجاج کرنے والوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، ہم صرف زندگی جینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل بات چیت سے نکل سکتا ہے، آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا ضروری ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی نے ٹروتھ کمیشن بنانے کی قرارداد منظور کی ہے، لیکن نہ وہ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات کے لیے تیار ہیں اور نہ ہی کمیشن کے قیام کے لیے۔ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کسی علاقے میں 50 دن تک انٹرنیٹ بند رہا ہو۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا کہ شفافیت کے لیے آزاد کشمیر میں انتخابات مرحلہ وار کرائے جا رہے ہیں، میں پوچھتا ہوں کہ کون سے مرحلے میں صاف، شفاف اور پرامن انتخابات ہوئے؟ اگر کشمیر ایک ہے تو الیکشن بھی ایک ہی دن ہونا چاہیے تھا، کشمیر میں انتخابات 6 مراحل میں کیوں کرائے جا رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ پہلے کہا گیا تھا کہ 10 نشستیں تو ہماری جیب میں ہیں، اس کے بعد میرپور اور مظفرآباد میں الیکشن چوری کیا گیا، ابھی 11 نشستیں باقی ہیں، ن لیگ والوں کو پتا چل جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مظفرآباد میں حکومت بنانے والوں کی اسلام آباد حکومت بھی خطرے میں ہے، ان کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے، بڑے بڑے لوگ کہہ رہے ہیں کہ حکومت گر چکی ہے، ابھی تو آدھا الیکشن باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شیر طاقت اور اقتدار کے بھوکے ہیں، انہیں غلط فہمی ہے کہ مظفرآباد میں حکومت بنائیں گے۔ آزاد کشمیر کے صدر اور منتخب ایم این اے پر مظفرآباد میں حملہ کیا گیا، جو قابل افسوس ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کل بھی کھڑی تھی اور آج بھی کھڑی ہے، پارٹی اپنے منشور کے تحت انتخابات میں حصہ لیتی ہے اور چاہتی ہے کہ آزاد کشمیر میں صاف و شفاف انتخابات ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم اچھے ہیں، لیکن مسلم لیگ ن کا ایک خاص حصہ وزیراعظم کو ان کے اپنے اتحادیوں سے لڑانا چاہتا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ ہمارا اتحاد برقرار نہ رہے، حالانکہ اصل لڑائی اسلام آباد اور لاہور کے درمیان ہو رہی ہے۔
