کینیڈا میں ایک بچے کی شرارت کے باعث ٹورنٹو جانے والی پرواز کو رن وے سے واپس ٹرمینل لانا پڑ گیا جبکہ ایئرلائن نے بعد ازاں پرواز منسوخ کردی۔
کینیڈین خبر رساں ادارے سی بی سی کے مطابق واقعہ برٹش کولمبیا کے ایک ایئرپورٹ پر پورٹر ایئرلائنز کی پرواز پی ڈی 444 میں پیش آیا، طیارہ ٹرمینل سے روانہ ہوکر رن وے کی جانب بڑھ چکا تھا کہ ایک مسافر کے ساتھ موجود بچے نے سیٹ بیلٹ باندھنے سے انکار کردیا۔
بچے نے اپنی نشست پر بیٹھنے کے بجائے سیٹ کے اوپر کھڑے ہونے پر اصرار کیا، جس کے باعث پرواز کی روانگی مشکل ہوگئی۔
پورٹر ایئرلائنز کے ترجمان کے مطابق طیارے کے عملے نے بچے کو کئی مرتبہ سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ اپنی نشست پر بیٹھ کرسیٹ بیلٹ باندھے تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود بچہ عملے کی ہدایات پر عمل کرنے کے لیے تیار نہ ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ سیٹ بیلٹ کے بغیر مسافر کے ساتھ طیارے کو اڑانا محفوظ نہیں تھا۔ ایئرلائن کے حفاظتی ضوابط کے تحت عملے پر لازم ہے کہ ایسی صورت حال میں انچارج کو آگاہ کیا جائے۔
بچے کے والدین سے بھی اسے محفوظ طریقے سے بٹھانے کی درخواست کی گئی، لیکن وہ بھی صورتحال پر قابو پانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
بعد ازاں عملے کے انچارج نے ایئرلائن کے اعلیٰ حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا، جس کے بعد طیارے کو روانہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
گاڑی کے گلَو باکس سے دیوہیکل اژدہا نکل آیا، ڈرائیور خوفزدہ
کیپٹن اور دیگرعملے کو فیصلے سے آگاہ کرنے کے بعد مسافروں کوبتایا گیا کہ طیارہ واپس ٹرمینل کی جانب جا رہا ہے کیونکہ موجودہ صورتحال میں پروازمحفوظ نہیں۔
پرواز کی منسوخی پر بعض مسافروں نے ناراضی کا اظہار بھی کیا، تاہم طیارہ واپس ٹرمینل پہنچا دیا گیا۔
ایئرلائن نے متاثرہ مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ اب انہیں اگلے روز روانہ کیا جائے گا کیونکہ وکٹوریہ ایئرپورٹ کا رن وے رات ساڑھے 12 بجے بند ہوجاتا ہے۔
