بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی ممبئی میں واقع رہائشگاہ گیلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر تعینات پولیس اہلکار اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد انتقال کر گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانسٹیبل گنیش رائٹے جمعے کی شام سلمان خان کی رہائشگاہ کے باہر ڈیوٹی پر مامور تھا، جہاں دورانِ ڈیوٹی اسے اچانک طبیعت میں خرابی محسوس ہوئی۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گنیش رائٹے نے شام تقریباً 6 بجے اپنے ساتھ موجود دیگر پولیس اہلکاروں کو طبیعت خراب ہونے کی شکایت کی۔
ساتھی اہلکاروں نے فوری طور پر اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا، تاہم اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طور پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گنیش رائٹے کو ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑا، تاہم پولیس نے موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ طبی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ کی تصدیق ہوسکے گی، یہ افسوسناک واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب سلمان خان کی سکیورٹی پہلے ہی غیر معمولی طور پر سخت ہے۔
خیال رہے کہ 2024 میں اداکار کے قریبی دوست اور مہاراشٹر کے سابق وزیر بابا صدیق کے قتل کے بعد سلمان خان کی سکیورٹی ’وائی پلس‘ کیٹیگری میں اپ گریڈ کی گئی تھی۔
تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ وجے کی اہلیہ سنگیتا نے طلاق کی درخواست واپس لے لی
سلمان خان کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے مسلسل دھمکیاں ملنے کے باعث سکیورٹی بڑھائی گئی تھی۔ اسی سال اپریل میں موٹر سائیکل سوار دو افراد نے سلمان خان کی رہائشگاہ کے باہر فائرنگ بھی کی تھی جبکہ بعد ازاں بابا صدیق کے قتل کی ذمہ داری بھی بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی۔
