لاہور کے علاقے ہربنس پورہ کی بھٹہ محمد دین کالونی میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک بچے کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق سکھ نہر کے قریب گھر کی چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق واقعہ رات 10 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا ، 3 منزلہ مکان میں 3 خاندان رہائش پذیر تھے، 10 افراد کی لاشیں نکالی لی گئیں۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق مزید کسی شخص کے ملبے تلے دبے ہونے کے خدشے کے تحت ریسکیو آپریشن ابھی بھی جاری ہے، اس آپریشن میں ریسکیو کی 6 ایمرجنسی گاڑیوں کے ساتھ 20 ریسکیورز موقع پر موجود ہیں۔ ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
ڈی جی ریسکیو نے کہا کہ چھوٹا سا گھر تھا جو تین منزلہ بنا ہوا تھا ، ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔ تنگ گلیوں کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے ، اسپتال سے تصدیق پر ہلاکتوں کی اصل تعداد سامنے آئے گی۔
لاہور میں ٹیوشن سنٹر کے بعد اسکول کی چھت گر گئی،ایک بچہ جاں بحق
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ڈی سی لاہور اور دیگر انتظامی افسران موقع پر پہنچ گئے۔
واضح رہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران لاہور کے دیگر علاقوں شالیمار روڈ، شاداب کالونی اور کاہنہ میں چھتیں گرنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
