آسٹریلیا کے سابق اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے شراب کے نشے میں گاڑی چلانے کے الزام میں عدالت کے سامنے جرم قبول کرلیا جس کے بعد انہیں جرمانے، ڈرائیونگ پر پابندی یا قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وارنر اپریل میں سڈنی میں معمول کی پولیس چیکنگ کے دوران روکے گئے تھے، جہاں سانس کے ٹیسٹ میں ان کے جسم میں الکحل کی مقدار قانونی حد سے زیادہ پائی گئی بعد ازاں پولیس نے انہیں گرفتار کرکے مزید ٹیسٹ کے لیے تھانے منتقل کیا تھا۔
ڈیوڈ وارنر پر مقدمہ ، کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز کا اہم بیان آ گیا
بدھ کو سڈنی کی مقامی عدالت میں وارنر کی جانب سے ان کے وکیل بوبی ہل نے پیش ہو کر “مڈل رینج ڈرنک ڈرائیونگ” کے الزام میں جرم قبول کیا۔ وارنر خود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
عدالت میں وارنر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل نے دوستوں کے ساتھ شراب پی تھی، تاہم اصل غلطی شراب پینا نہیں بلکہ اس کے بعد گاڑی چلانے کا فیصلہ تھا۔ وکیل نے کہا کہ وارنر اپنے عمل پر نادم ہیں اور اس کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔
کتنی سزا ہوسکتی ہے؟
آسٹریلوی قانون کے مطابق مڈل رینج ڈرنک ڈرائیونگ کے جرم میں ڈیوڈ وارنر کو کم از کم چھ ماہ کی ڈرائیونگ پابندی، بھاری جرمانہ اور زیادہ سے زیادہ 9 ماہ قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ عدالت شواہد، سابق ریکارڈ اور دیگر قانونی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے سنائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وارنر کو سزا سنانے کے لیے آئندہ ماہ عدالت میں دوبارہ پیش کیا جائے گا، جہاں ان کے خلاف حتمی فیصلہ سنایا جائے گا۔
کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نشے میں دھت ہو کر ڈرائیونگ کرنیکے الزام گرفتار
واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر پاکستان سپر لیگ کے دوران چند روز کے لیے سڈنی گئے تھے اور وہ وہاں دوستوں کے ساتھ ایک تقریب میں شریک ہوئے، جہاں سے واپسی پر معمول کی پولیس چیکنگ کے دوران ان کا ڈرنک ڈرائیونگ ٹیسٹ کیا گیا۔ ٹیسٹ میں الکحل کی مقدار قانونی حد سے زیادہ آنے پر پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ڈرنک ڈرائیونگ کا چارج عائد کر دیا۔
ڈیوڈ وارنر آسٹریلیا کے کامیاب ترین اوپنرز میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ 2024 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد بھی دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں سرگرم ہیں اور اس وقت بگ بیش لیگ کی ٹیم سڈنی تھنڈر کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔
