اسلام آباد: 37ویں انٹرنیشنل بائیولوجی اولمپیاڈ میں پاکستانی طلبہ نے ایک چاندی کا تمغہ اور ایک اعزازی سند حاصل کر کے ملک کا نام روشن کر دیا۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے عالمی سطح پر ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کر لیا۔ لتھوینیا میں منعقد ہونے والے عالمی مقابلے میں 90 سے زائد ممالک کے 350 سے زیادہ طلبہ نے شرکت کی۔
پاکستان کی جانب سے لاہور کے حسن عاطف چیمہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیتا، جبکہ کراچی کے محمد مطاہر نے اعزازی سند اپنے نام کی۔
اولمپیاڈ کے لیے پاکستانی طلبہ کا انتخاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) کے مشترکہ پروگرام کے تحت کیا گیا۔
عالمی مقابلے سے قبل طلبہ کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیر انتظام نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بایوٹیکنالوجی، پیاس میں بین الاقوامی معیار کی خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔
عالمی مقابلے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر اسماء عمران اور ڈاکٹر عامر علی نے کی۔

یہ بھی پڑھیں: نتھیا گلی سمر کالج سائنسی سفارتکاری، عالمی تعاون اور شراکت داری کا مؤثر پلیٹ فارم بن چکا ، چیئرمین پی اے ای سی
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق اس کامیابی کے بعد پاکستان عالمی سائنس اولمپیاڈز میں مجموعی طور پر 144 بین الاقوامی تمغے حاصل کر چکا ہے، جو ملک میں سائنسی تعلیم، تحقیق اور نوجوان صلاحیتوں کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کا ثمر ہے۔
