واٹس ایپ صارفین کو دوستوں اور عزیزوں کی سالگرہ یاد رکھنے میں مدد دینے والے نئے فیچر پر کام جاری ہے، جس کا انداز فیس بک کے برتھ ڈے ریمائنڈرز سے ملتا جلتا ہوگا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق واٹس ایپ نے آئی او ایس کے بیٹا ورژن میں Birthday Reminder فیچر کی آزمائش کا آغاز کردیا ہے۔
نئے فیچر کے تحت صارفین واٹس ایپ کے اندر ہی اپنے محفوظ کانٹیکٹس کی سالگرہ سے متعلق یاد دہانی حاصل کرسکیں گے، سالگرہ کے موقع پر صارف کو نوٹیفکیشن موصول ہوگا، جس کے ذریعے وہ متعلقہ شخص کی چیٹ کھول کر براہ راست مبارکباد بھیج سکے گا۔
رپورٹ کے مطابق سالگرہ کے دن متعلقہ کانٹیکٹ کو واٹس ایپ کے Contacts ٹیب میں کیک ایموجی اور برتھ ڈے کے اشارے کے ساتھ نمایاں کیا جائے گا تاکہ صارف آسانی سے جان سکے کہ آج کس کی سالگرہ ہے۔
تاہم اس فیچر کے استعمال کے لیے ضروری ہوگا کہ متعلقہ کانٹیکٹ نے اپنی تاریخ پیدائش واٹس ایپ پر فراہم کی ہو۔
فی الحال Birthday Reminder فیچر آزمائشی مرحلے میں ہے اور آئی او ایس کا بیٹا ورژن استعمال کرنے والے تمام صارفین کو بھی یہ سہولت دستیاب نہیں، واٹس ایپ کی جانب سے باضابطہ طور پر فیچر متعارف کرانے سے قبل اس میں مزید تبدیلیاں بھی کی جاسکتی ہیں۔
اگر آزمائش کامیاب رہی تو نیا فیچر صارفین کو اپنے پیاروں کی سالگرہیں یاد رکھنے اور بروقت مبارکباد دینے میں مدد دے سکتا ہے۔
واٹس ایپ کے بیٹا ورژنز میں کراس شیئرنگ فیچر کی آزمائش کا آغاز
دوسری جانب ٹیکنالوجی ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا انفو کے مطابق اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژنز میں کراس شیئرنگ فیچر کی آزمائش شروع کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ میں میڈیا پِکر کھولنے پر صارفین کو دستیاب میڈیا سورسز کی فہرست میں فیس بک اور انسٹاگرام بھی دکھائی دیں گے، جہاں سے صارفین اپنی اسٹوریز، پوسٹس اور ریلز منتخب کرکے واٹس ایپ پر شیئر کرسکیں گے۔
فیس بک اور انسٹاگرام کا دستیاب میڈیا گرڈ کی شکل میں دکھایا جائے گا، جس سے مطلوبہ تصویر، ویڈیو یا ریل منتخب کرنا آسان ہو گا۔
یہ فیچر فی الحال محدود بیٹا صارفین کے لیے آزمائشی مرحلے میں ہے، جبکہ عام صارفین کے لیے اس کی دستیابی کی حتمی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی۔



