خیبر پختونخوا کے مہمند اور خبیر اضلاع کی مختلف تحصیلوں میں گزشتہ رات بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی ہے، جس دوران مختلف علاقوں میں انڈے کے حجم جتنے اولے پڑنے سے کھڑی فصلوں اور دیگر اشیا کو نقصان پہنچا۔
مقامی افراد کے مطابق ضلع مہمند کی تحصیل پنڈیالی کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری سے فصلیں متاثر ہونے کی اطلاعات آئی ہیں۔
کاشتکاروں کے مطابق ان کی ٹماٹر کی کھڑی فصل متاثر ہوئی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں تیار فصل مکمل طور پر تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ ژالہ باری سے ٹماٹر کی فصل کو پہنچنے والے نقصان کے باعث انہیں مالی خسارے کا خدشہ ہے۔
اسی طرح تحصیل امبار کے علاقے گمبتی میں بھی ژالہ باری سے متعدد گھروں اور زمینوں پر لگائے گئے سولر پینلز ٹوٹ گئے ہیں۔
یاد رہے کہ ان اضلاع میں اتنے بڑے اولے پڑنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ گزشتہ 4 سالوں سے تقریباً ہر سال گرمیوں میں نہ صرف خیبر پختونخوا کے یہ علاقے بلکہ اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر کئی حصے اولوں کی زد میں آتے آ رہے ہیں۔
گزشتہ برس اکتوبر میں ضلع مہمند کی تحصیل پڑانگ غار میں شدید ژالہ باری کے نتیجے میں فصلوں، اور سولر پینلزسمیت گھروں کو کافی نقصان پہنچا تھا جبکہ کئی جگہوں پر اولوں کی زد میں آ کر مویشی اور پالتو جانوربھی زخمی ہو گئے تھے۔
اسی طرح پچھلے سال اپریل میں اسلام آباد کے کچھ علاقوں میں ٹینس کی بال کے حجم برابر اولے پڑے تھے جن سے متعدد گاڑیوں، گھروں اور مسجدوں کے شیشوں اور چھتوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
یہ نہ تو کوئی پھل ہے نہ ہی رس گلے ہیں، یہ اسلام آباد میں پڑنے والے اولے ہیں جو ٹینس بال جتنے موٹے ہیں، ہزاروں گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، فیصل مسجد تک کے شیشے کے دروازے ٹوٹ گئے، یااللہ تو کرم فرما ۔۔ pic.twitter.com/L2ByFaN2i0
— Ifrah Asad (@ifrah_asad) April 17, 2025
متاثرہ افراد نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے نقصان کا جائزہ لینے اور متاثرین کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے۔
حکام کے مطابق بارش اور ژالہ باری کے نتیجے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اولوں کا سائز کیوں بڑھا؟
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم نے گزشتہ برس اپریل میں ہم نیوز کو بتایا تھا کہ ٹمپریچر کنٹراسٹ اور اپ ڈرافٹ کی وجہ سے اولے کا سائز بڑا ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ بادلوں کے اندر موجود تیز اوپر اٹھنے والی ہوائیں (اپ ڈرافٹ) اولوں کو بار بار اوپر کی طرف دھکیلتی ہیں۔ جب یہ ذرات بار بار اوپر نیچے ہوتے ہیں، تو ان پر پانی کی مزید تہیں جمتی جاتی ہیں جس سے ان کا سائز بڑھتا جاتا ہے جبکہ زمین اور بادلوں کے نچلے اور بالائی حصوں میں درجہ حرارت کا بڑا فرق (ٹمپریچر کنٹراسٹ) اس عمل کو مزید تیز کرتا ہے۔
خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں بارش کا امکان
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں جزوی طور پر بادل چھائے رہ سکتے ہیں جبکہ کہیں کہیں بارش ہونے کی توقع بھی ہے۔
کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور بٹگرام کے بعض مقامات پر دوپہر کے بعد ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ بونیر، شانگلہ، سوات، دیر اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمے کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے اور شہر کا درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ پشاور میں ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ صوبے کے بیشتر میدانی علاقوں میں دن کے وقت موسم گرم رہنے کی توقع ہے۔
