اسلام آباد پولیس نے غیرملکی وفود کی آمدورفت کے پیشِ نظر پیر آج 21 جولائی 2026 کو وفاقی دارالحکومت کی مختلف اہم شاہراہوں پر مختلف اوقات میں ٹریفک ڈائیورشنز کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ایکسپریس وے، سری نگر ہائی وے، جناح ایونیو، مری روڈ اور کلب روڈ پر سیکیورٹی انتظامات کے باعث مختلف اوقات میں ٹریفک کا رخ موڑا جائے گا۔
پولیس کے مطابق سری نگر ہائی وے پر سرینہ چوک سے 26 نمبر چونگی تک ڈائیورشنز ہوں گی، جبکہ متبادل راستوں کے طور پر ایران ایونیو، مارگلہ روڈ اور جناح ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح فیصل ایونیو کے خیابان چوک سے روات ٹی کراس تک ایکسپریس ہائی وے پر ڈائیورشن کی صورت میں شہری جناح ایونیو اور نائنتھ ایونیو استعمال کریں۔ کورال سے آنے والے افراد کو پرانا ائیرپورٹ روڈ، راول روڈ، راولپنڈی مری روڈ اور نائنتھ ایونیو اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے اہم ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی
پولیس کا کہنا ہے کہ اگر کورال ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ یا کلب روڈ بند ہوں تو شہری پرانا ائیرپورٹ روڈ، راول روڈ، راولپنڈی مری روڈ اور نائنتھ ایونیو کو متبادل راستے کے طور پر استعمال کریں۔
اسلام آباد شہر سے باہر جانے والے شہریوں کو بھی جناح ایونیو کے ذریعے نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ڈائیورشنز کے دوران مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ سکتا ہے، اس لیے شہری اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے 20 سے 25 منٹ اضافی وقت رکھ کر سفر کریں۔
