نیویارک: فیفا ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو اسپین کے ہاتھوں شکست کے ساتھ ایک ناپسندیدہ ریکارڈ کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
لیونل میسی کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ارجنٹائن ٹیم مقررہ 90 منٹ کے دوران گول پر ایک بھی شاٹ نہ لگا سکی، جو ورلڈکپ فائنل کی تاریخ میں پہلی بار دیکھنے میں آیا۔
نیوجرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اعصاب شکن مقابلے میں اسپین نے ابتدا ہی سے جارحانہ حکمت عملی اپنائے رکھی اور ارجنٹینا کے دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔

ہسپانوی ٹیم نے مقررہ وقت میں مجموعی طور پر 15 شاٹس گول کی جانب لگائے، جن میں سے 9 شاٹس سیدھے ہدف پر تھے، جبکہ ارجنٹینا کا حملہ آور شعبہ پوری طرح بے اثر دکھائی دیا۔
ورلڈکپ جیتنے کے ساتھ اسپین کے نام ایک اور تاریخی اعزاز
اعداد و شمار کے مطابق ورلڈکپ فائنلز کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی ٹیم مقررہ 90 منٹ کے دوران گول پر ایک بھی شاٹ نہ لگا سکی ہو، اس طرح ارجنٹینا نے ایک ایسا منفی ریکارڈ اپنے نام کرلیا جسے وہ شاید کبھی یاد نہیں رکھنا چاہے گا۔

بعد ازاں اضافی وقت میں اسپین نے فیصلہ کن گول کرکے 0-1 سے کامیابی حاصل کی، دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز سمیٹا، جبکہ ارجنٹینا کو شکست کے ساتھ اس تاریخی مگر ناپسندیدہ ریکارڈ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

