نیویارک، اسپین نے فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 کا ٹائٹل جیتنے کے ساتھ عالمی فٹبال کی تاریخ کا ایک منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
اس تاریخی کامیابی کے ساتھ اسپین نے ورلڈکپ کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل بھی عبور کیا، اسپین پورے ٹورنامنٹ میں صرف ایک گول کھانے کے باوجود ٹائٹل جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
دفاعی لائن اور گول کیپر کی غیرمعمولی کارکردگی نے پورے ایونٹ میں حریف ٹیموں کو بے بس بنائے رکھا۔
اعداد و شمار کے مطابق آٹھ میچز پر مشتمل پورے ٹورنامنٹ میں صرف ایک ہی گول اسپین کے خلاف اسکور کیا جاسکا، جبکہ کوئی بھی ٹیم کسی مرحلے پر اسپین کے خلاف برتری حاصل نہیں کرسکی۔
دفاع اور حملے کے درمیان شاندار توازن نے اسپین کو ناقابلِ شکست ٹیم ثابت کیا اور 16 برس بعد ایک بار پھر عالمی فٹبال کے تخت پر براجمان کردیا۔
اسپین نے ارجنٹینا کو شکست دے کر دوسری بار فیفا ورلڈکپ جیت لیا
نیوجرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
مقابلے کے دوران اسپین نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ارجنٹینا کے گول پر مسلسل حملے کیے، مقررہ 90 منٹ تک کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی، جس کے بعد میچ اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں ٹوریس نے فیصلہ کن گول اسکور کرکے اسپین کو فتح سے ہمکنار کردیا۔
