قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ اس وقت ان کا سب سے بڑا ہدف 2027 کا آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ ہے جب کہ بطور اوپنر نئی گیند کا سامنا کرنا ہمیشہ بڑا چیلنج ہوتا ہے۔
سلمان بٹ کے پروگرام “اسٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ” میں گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے اپنے کرکٹ کیریئر، بین الاقوامی تجربات اور مستقبل کے اہداف پر تفصیل سے بات کی۔
فخر زمان کا کہنا تھا کہ ان کے کیریئر کا آغاز پاکستان نیوی کی کرکٹ ٹیم سے ہوا۔ نیوی کی نمائندگی کے بعد کراچی میں گراس روٹ کرکٹ کھیلنا شروع کی، جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ بچپن میں آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر بیٹر ایڈم گلکرسٹ کی جارحانہ بیٹنگ بہت پسند تھی جبکہ بعد میں جنوبی افریقا کے عظیم بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز کو فالو کیا اور ان کے کھیل سے بہت کچھ سیکھا۔
بھارت کو بڑا دھچکا، واشنگٹن سندر انگلینڈ کیخلاف فیصلہ کن ون ڈے سے باہر
فخر زمان کا کہنا تھا کہ بطور اوپنر اننگز کا آغاز کرنا آسان نہیں ہوتا کیونکہ نئی گیند زیادہ سوئنگ اور سیم کرتی ہے، اس لیے ابتدا میں وکٹ پر وقت گزارنا اور ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کرنا سب سے اہم ذمہ داری ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کی تمام توجہ 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ پر مرکوز ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے پاکستان کو عالمی اعزاز دلانے میں کردار ادا کریں۔
فخر زمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی فٹنس اور فارم برقرار رکھتے ہوئے آنے والے برسوں میں بھی پاکستان کے لیے نمایاں کردار ادا کریں گے، خصوصاً 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کامیابی ان کی اولین ترجیح ہے۔
فخر زمان 2017 سے اب تک پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 3 ٹیسٹ، 92 ون ڈے اور 120 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں۔
سری لنکا کیخلاف قومی ویمنز اسکواڈز کا اعلان، ٹی20 ٹیم میں 8 نئی تبدیلیاں
ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے 11 سنچریوں اور 19 نصف سنچریوں کی مدد سے 3,861 رنز اسکور کیے ہیں۔ وہ پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں پہلی ڈبل سنچری بنانے والے بیٹر بھی ہیں، جبکہ انہیں ون ڈے تاریخ میں تیز ترین 1000 کیریئر رنز مکمل کرنے کا عالمی اعزاز بھی حاصل ہے۔
