ترجمان وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ ماشکیل میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے 5 مزدور جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد علاقے کی مختلف دکانوں پر کام کر رہے تھے۔ اس دوران دہشت گردوں نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث دہشتگرد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کر دی گئی۔ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ اور ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔
دہشتگرد اپنے مذموم عزائم کیلئے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، وزیر اعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے ماشکیل میں 5 مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔
انہوں نے کہا کہ معصوم اور نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ اور بزدلانہ فعل ہے۔ ایسے انسانیت سوز جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد اپنے مذموم عزائم کیلئے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خلاف قوم کے عزم کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتے۔ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
دہشت گردی میں ملوث ہر مجرم کو انجام تک پہنچایا جائے گا، وزیر اعلیٰ بلوچستان
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگرد نہتے مزدوروں کو نشانہ بنا کر اپنے مکروہ عزائم بے نقاب کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماشکیل میں فائرنگ سے 5 افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ قابل مذمت ہے۔ اور حکومت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ معصوم شہریوں پر حملہ پاکستان کی وحدت اور ریاست پر حملہ ہے۔ دہشتگردوں کا مقصد حقوق کی جدوجہد نہیں بلکہ خونریزی اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ ریاستی دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ اور دہشت گردی میں ملوث ہر مجرم کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ریاست کی رٹ پر حملہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی مزید فیصلہ کن ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں آپریشن شعبان جاری؛ ہلاک خارجی دہشتگردوں کی تعداد 109 ہو گئی
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ریاست دہشتگردی کے سامنے نہ کبھی جھکی ہے اور نہ جھکے گی۔ جبکہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت کیساتھ جاری رہے گی۔
