اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں گزشتہ چند دنوں کے دوران دہشت گردی کے متعدد سنگین واقعات رونما ہوئے، جن میں پولیس اہلکاروں، پاک فوج کے جوانوں اور بے گناہ شہریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف آپریشنز میں 54 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ملک سے آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے افسران اور جوانوں نے وطن کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں نے اپنے خون سے امن کی شمع روشن کی ہے اور پوری قوم اپنی مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کو درپیش بیرونی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا مشرقی ہمسایہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اور دہشت گرد تنظیموں کو اسلحہ اور دیگر معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد افغان سرزمین کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، جس پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ایک صفحے پر ہے اور اس ناسور کے خلاف تمام قومی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے، جس میں قومی اتحاد اور یکجہتی ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیاں دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہو رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں “معرکۂ حق” میں حاصل ہونے والی کامیابی نے بھی دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا، جبکہ پاکستان نے فتنہ الخوارج کے مذموم منصوبوں کو بھی مؤثر کارروائیوں کے ذریعے ناکام بنایا ہے۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت دہشت گردی کے فتنے کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے ساتھ پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان کو ایک محفوظ، پرامن اور مضبوط ریاست بنانے کے لیے تمام ادارے اور پوری قوم متحد ہو کر اپنا کردار ادا کریں گے۔
