پشاور، سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا پارٹی کے واٹس ایپ گروپ میں بھیجا گیا آڈیو پیغام منظرِ عام پر آ گیا ہے۔
آڈیو پیغام میں انہوں نے صوبے کی صورتحال، حکومتی امور اوراراکینِ اسمبلی کی تنخواہوں سے متعلق مختلف معاملات پر اپنے خیالات کا اظہارکیا ہے بعد ازاں ان کے ترجمان فراز مغل نے بھی آڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ آواز علی امین گنڈاپور ہی کی ہے۔
منظرِعام پرآنے والے آڈیو پیغام میں علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ڈرون حملے ہو رہے ہیں جبکہ صوبائی حکومت کے فنڈز سے آپریشن بھی کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی ناقص معیار کے ترقیاتی کاموں کو روک رہے ہیں تاہم بیڈ گورننس کا الزام بھی حکومت پر ہی عائد ہوتا ہے۔
تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی،جامعہ پشاورکے ملازمین سراپا احتجاج
آڈیو پیغام میں انہوں نے اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جن افراد نے تنخواہیں بڑھانے کا مطالبہ کیا اور متعلقہ ایکٹ کی حمایت کی ان کے نام سامنے لائے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانیٔ پاکستان تحریک انصاف نے اراکین صوبائی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دینے سے انکار کیا تھا۔
علی امین گنڈاپور نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ اس تمام عمل کا حصہ نہیں ہیں اور اس معاملے میں ان کا مؤقف سب کے سامنے ہے۔
دوسری جانب ان کے ترجمان فراز مغل نے آڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ریکارڈنگ علی امین گنڈاپور کی ہی ہے تاہم اس پر مزید تبصرہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
