محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بعض علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور حبس برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں شہریوں کو گرم موسم کا سامنا رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، سندھ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں ہونے والی بارشوں سے گرمی میں کچھ کمی ہوئی ہے۔
بارش کی وجہ سے کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے، ندی نالوں میں طغیانی، بجلی کی فراہمی میں تعطل اور حادثات کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی ، خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں جی ٹی روڈ سمیت مختلف علاقوں کو جانے والی رابطہ سڑکوں پر پانی اکٹھا ہو گیا، نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ لاہور میں بارش کے بعد شہر کی متعدد اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا ہے، میو اسپتال، مال روڈ سے ملحقہ سڑک، چڑیا گھر سرکلر روڈ اور اطراف کی شاہراہیں زیرِ آب آ گئیں۔
بارش کے بعد میو اسپتال کے اطراف، مال روڈ، چڑیا گھر ، لکشمی چوک سرکلر روڈ اور اس سے ملحقہ شاہراہوں پر پانی کھڑا ہو گیا، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں اور گاڑیوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہا ، واسا حکام کے مطابق متعلقہ شاہراہوں سے نکاسی آب کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
