اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس مکمل کرنے والے افسران سے خطاب کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنگ کے بدلتے ہوئے کردار، اسٹریٹجک وضاحت اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پیچیدہ اسٹریٹجک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مستقبل کی عسکری و سول قیادت کی تیاری میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے ادارے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بدلتے ہوئے جنگی ماحول کے مطابق اپنی حکمت عملی، تربیت اور تیاریوں کو ازسرِنو ترتیب دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے ریاست مکمل طور پر آگاہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر کے پراکسی نیٹ ورکس اور سہولت کار پاکستان کی داخلی سلامتی اور معاشی ترقی کو متاثر نہیں کر سکتے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشتگردی کو ریاست کی مکمل طاقت سے کچلا جائے گا، جبکہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور ان کے سہولتکاروں کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جنگیں میڈیا بیانیوں یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے ذریعے جیتی جاتی ہیں۔
اختتامی خطاب میں فیلڈ مارشل نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور گریجویٹ افسران پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، بے لوث خدمت اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کے اصولوں پر کاربند رہیں۔
اس سے قبل نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی نے کیا۔
