اسلام آباد: متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، پورے ملک میں دھاندلی کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں اور تمام جماعتیں متفق ہیں کہ عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی، ایم ایم اے، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور مسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کی، اس موقع پر سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تاریخ میں ایسے دھاندلی زدہ الیکشن کبھی نہیں ہوئے لیکن ان کی جماعت پارلیمنٹ کا فورم مضبوطی سے تھامے رکھیں گے۔
اپوزیشن رہنماؤں کی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو https://t.co/otgnSrLYwb pic.twitter.com/oMF6lpYDgA
— HUM News (@humnewspakistan) July 30, 2018
انہوں نے کہا کہ آج چار جماعتوں نے دھاندلی زدہ الیکشن کی مذمت کی ہے، ان کی جماعت پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کرتی رہے گی۔
سابق وزیراعظم کہا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ بہت جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی۔
مسلم لیگ نون کے رہنما راجا ظفرالحق نے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں سے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام ہو گیا ہے۔
اے این پی کے غلام احمد بلور کا کہنا تھا ان کی جماعت بھی اپوزیشن کے ساتھ ہے، الیکشن میں ریکارڈ دھاندلی ہوئی ہے جس کے داغ آسانی سے نہیں دھل سکیں گے۔