کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے دانہ سر میں ہونے والے بس حادثے کا مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کر دی گئی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دانہ سر کے مقام پر پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے کے بعد بس کمپنی اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی سرحد پر پیش آنے والے بس حادثے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوئے تھے۔
شاہد رند نے کہا کہ حادثے کی وجوہات کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا۔ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر حکومت بلوچستان کو گہرا دکھ ہے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سوات میں فائرنگ، پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما قتل
انہوں نے کہا کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے صوبے میں مسافر گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹس اور حفاظتی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ جبکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹرانسپورٹ قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
