اسلام آباد: مسلم لیگ ق نے حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق نے وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے مسلم لیگ نون سے معذرت کر لی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے اتحادی تھے اور اب اس اتحاد کو مزید مضبوط کرنے کے لیے وفاق اور پنجاب میں بھی انہی کا ساتھ دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی سربراہی میں پارٹی کے اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون نے ہمیشہ اپنے مفادات کے لیے ان سے رابطہ کیا ہے۔
نون لیگ کی جانب سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مسلم لیگ ق کے رہنماؤں سے رابطہ کیا تھا اور پنجاب میں مسلم لیگ ق کی مرضی سے عہدہ دینے کی بھی پیش کش کی گئی تھی۔