لاہور، حکومت پنجاب نے راولپنڈی ڈویژن میں بڑے پیمانے پر انتظامی ردوبدل کرتے ہوئے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سمیت اہم انتظامی عہدوں پر تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق متعدد سینئر افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جبکہ بعض افسران کو رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کا تبادلہ کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کو نیا ڈپٹی کمشنر راولپنڈی تعینات کیا گیا ہے۔ انہیں فوری طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کو ڈپٹی کمشنر فیصل آباد مقرر کیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ملتان حافظ مدثر نواز کو ڈپٹی کمشنر ملتان کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے تاکہ انتظامی امور میں تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔
پولیس کے شعبے میں بھی اہم تبدیلی کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب حسن مشتاق سکھیرا کو سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی تعینات کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں 760 غیرقانونی تعلیمی اداروں کا انکشاف
دوسری جانب موجودہ سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں سٹی پولیس آفس پنجاب رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
انتظامی ڈھانچے میں مزید تبدیلی کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی عبدالحمید خٹک کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق انہیں سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) راولپنڈی کیپٹن (ر) شہریار شیرازی کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے اور انہیں بھی ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ان کی جگہ کیپٹن (ر) طیب سمیع خان کو نیا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) راولپنڈی مقرر کیا گیا ہے، جبکہ انہیں فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ تقرر و تبادلے انتظامی کارکردگی بہتر بنانے، گورننس کو مزید مؤثر بنانے اورعوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری لانے کے مقصد سے کئے گئے ہیں۔
