لاہور، رائیونڈ روڈ پر ٹی ایچ کیو ہسپتال رائیونڈ کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں گھر کی چھت گرنے سے ایک کمسن بچی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچے معمول کے مطابق گھر کی چھت پر کھیل رہے تھے کہ اچانک چھت زمین بوس ہو گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر طبی امداد فراہم کی۔
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، تاہم ایک بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
لاہور میں ٹیوشن سنٹر کے بعد اسکول کی چھت گر گئی،ایک بچہ جاں بحق
ریسکیو 1122 کے مطابق گرنے والی چھت ٹی آر گارڈر سے تعمیر کی گئی تھی۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ عمارت کی تعمیراتی حالت کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر جمع ہو گئی۔
شہریوں نے خستہ حال عمارتوں کا سروے کر کے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔
