اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر وہ آزاد کشمیر کے انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ جماعت آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقِ خودارادیت اور جمہوری حقوق کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
اعلامیے کے مطابق موجودہ سیاسی اور انتخابی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پارٹی نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس ساتھیوں سمیت آئی پی پی میں شامل
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے عوام کے جمہوری حقوق اور آئینی آزادیوں کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گی۔
پارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر فورم پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ موجودہ حالات میں انتخابی عمل میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ اصولی مؤقف کے تحت کیا گیا ہے، جبکہ جماعت آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی سیاسی اور اخلاقی یکجہتی برقرار رکھے گی۔
