پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں امن اور مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، جاری سفارتی کوششوں اور امن کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوحہ مذاکرات کے حالیہ دور میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مذاکراتی عمل مستقبل قریب میں بھی تعمیری انداز میں جاری رہے گا اور علاقائی استحکام کے لیے مؤثر نتائج سامنے آئیں گے۔
گفتگو کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے خطے میں مکالمے، مفاہمت اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، مذاکرات اور مصالحت کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے، جبکہ پاکستان کے امن و استحکام کے لیے غیر متزلزل عزم کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
تاریخی ریونیو ہدف کا حصول قومی سنگِ میل، ایف بی آر میں کرپشن کی کوئی جگہ نہیں، وزیراعظم
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے میں امن، استحکام اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے باہمی تعاون اور قریبی رابطے جاری رکھیں گے۔
