سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے جدہ میں اسٹیڈیم کی تعمیر ، کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کیلئے اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور چیئرمین سعودی کرکٹ شہزادہ سعود بن مشعل بن محمد آل سعود نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
ترجمان سعودی کرکٹ کے مطابق ایم او یو کا مقصد کرکٹ کے فروغ اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کی حمایت کرنا ہے۔

معاہدے کے تحت دونوں بورڈز جدہ میں بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ اس منصوبے کا مقصد سعودی عرب کے ان عزائم کو تقویت دینا ہے جن کے تحت وہ مستقبل میں بڑے بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹس اور دیگر عالمی کھیلوں کی میزبانی کرنا چاہتا ہے۔
شراکت داری کے تحت سعودی عرب میں کرکٹ کے نظام کو مضبوط بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی، جس میں کھلاڑیوں، کوچز اور میچ آفیشلز کی تربیت کے لیے تکنیکی پروگرام، مختلف مقابلے اور مہارتوں کے تبادلے جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔
دونوں اداروں کے مطابق اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی کو تیز کرنا، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا اور اسپورٹس ٹورازم کو فروغ دینا ہے۔ یہ اقدام سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے، جس کے تحت کھیلوں کے شعبے کو وسعت دینا، عوامی شرکت میں اضافہ کرنا اور مملکت میں معیارِ زندگی کو بہتر بنانا شامل ہے۔

سعودی کرکٹ کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ ملک میں کرکٹ کے فروغ اور مستقبل میں بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کی تیاری کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
ایم او یو کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی کرکٹ نے مشترکہ طور پر کیا۔ سعودی کرکٹ کو سعودی وزارتِ کھیل، سعودی اولمپک و پیرا اولمپک کمیٹی اور وژن 2030 پروگرام کی سرپرستی حاصل ہے۔
