پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قید قیادت نے پارٹی کے چیئرمین اور سیکرٹری جنرل کو خط ارسال کرتے ہوئے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لینے کی سفارش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق خط پر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی اور دیگر قید رہنماؤں کی مشاورت کے بعد اتفاق کیا گیا۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود پارٹی کو بطور جماعت انتخابی عمل میں حصہ لینا چاہیے۔
خط کے متن کے مطابق، قید رہنماؤں نے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے باہمی مشاورت کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا جائے تاکہ پارٹی کی نمائندگی برقرار رہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پارٹی قیادت ان تمام امیدواروں کے نام باضابطہ طور پر جاری کرے جنہیں پی ٹی آئی کی حمایت حاصل ہوگی تاکہ کارکنوں اور ووٹرز کو واضح رہنمائی مل سکے۔
ذرائع کے مطابق قید قائدین کا یہ پیغام اور خط ان کے وکیل کے ذریعے پارٹی قیادت تک پہنچایا گیا ہے، جس میں انتخابات میں فعال شرکت کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے9 مئی کے کیسز میں سزا یافتہ اور کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی کی بزرگ خاتون رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کے انتقال کی خبروں پر وضاحت جاری کردی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری وضاحتی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبعیت ناساز ہے تاہم سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ان کے انتقال کی خبر جھوٹ پر مبنی ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے ڈاکٹر یاسمین راشد حیات اور وہ کوٹ لکھپت جیل میں ہیں، انہیں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے پر غیرقانونی حراست اور سخت سزاؤں کا سامنا ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کے بارے میں پھیلائی جانے والی تمام خبریں جھوٹی ہیں اور اُن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد الحمداللہ حیات ہیں اور کوٹ لکھپت جیل میں اپنے لیڈر عمران خان کے نظریے کی خاطر قید و صعوبت کی قربانی دے رہی ہیں۔عوام کسی افواہ پر کان نا دھرے۔
پاکستان این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے پر نظرثانی کرے ، عالمی بینک
شیخ وقاص اکرم نے پی ٹی آئی کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے حوالے سے کسی بھی قسم کی افواہ پر یقین نہ کریں کیونکہ یہ سب خبریں بے بنیاد ہیں۔
تحریک انصاف نے اعلامیے میں بتایا کہ جیل حکام نے بھی تصدیق کی کہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کی طبیعت ناساز ہے جس سے عدالت اور جیل حکام آگاہ ہیں۔
