پشاور، خیبرپختونخوا میں گزشتہ رات سے ہونے والی تیز بارشوں، سیلابی ریلوں اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات نے مختلف علاقوں میں جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے باڑہ زکا خیل میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 3 بچے زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
دوسری طرف ضلع لوئر دیر میں خواتین کے مدرسے پر آسمانی بجلی گرنے سے 15 سے زائد طالبات زخمی ہوگئیں، مدرسے میں 250 کے قریب طالبات موجود تھیں، زخمی طالبات کو طبی امداد کیلئے واڑی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق لوئر چترال میں موسلادھار بارش اورسیلابی ریلوں سے 27 مکانات متاثر ہوئے جبکہ 2 مساجد، 2 دکانیں اورایک پل کو بھی نقصان پہنچا، سیلابی پانی کی شدت کے باعث 4 گاڑیاں اورمتعدد موٹرسائیکلیں بھی متاثر ہوئیں۔
بارشیں ہی بارشیں، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
ادھر اپر چترال کے علاقوں یارخون اورمستوج میں بھی سیلاب کے باعث ایک مکان کو نقصان پہنچا، ضلعی انتظامیہ اورامدادی اداروں نے متاثرہ خاندانوں کو فوری امدادی سامان فراہم کر دیا ہے تاکہ انہیں بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں امدادی اور بحالی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔
لوئر چترال میں سیلاب کے باعث بند ہونے والی دو اہم رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہیں، جبکہ دیگر متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر بھی مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
