اسلام آباد، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی زائد قیمت وصول کرنے اور مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان اوگرا کے مطابق عوامی شکایات اور میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے مختلف شہروں میں کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ صارفین کو سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
ترجمان کے مطابق راولپنڈی میں نوٹیفائیڈ قیمت سے زائد نرخوں پر ایل پی جی فروخت کرنے پر چھ ایل پی جی پلانٹس کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر خلاف ورزیوں میں ملوث کمپنیوں، پلانٹس اور ڈیلرز کے خلاف بھی کارروائی کا عمل جاری ہے۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی ناجائز منافع خوری یا مقررہ قیمتوں کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ؛ فی تولہ ریٹ کتنا ہو گیا؟
ترجمان نے واضح کیا کہ ایل پی جی کی سرکاری نرخوں پر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور اس مقصد کے لیے ملک بھر میں نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان اوگرا نے خبردار کیا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں، پلانٹس اور ڈیلرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر کہیں ایل پی جی مقررہ قیمت سے زائد پر فروخت کی جا رہی ہو تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
