لاہور(عثمان خان) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز مسٹری اسپنر ابرار احمد نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کو نکھارنے میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
‘ہم نیوز’ سے ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کیمپ کے ماحول، نئے فٹنس معیارات اور مستقبل کے اہداف پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے ابتدائی فٹنس ٹیسٹوں میں تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کر لی۔ وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون بولر بننے سے زیادہ دور نہیں۔
فٹنس ٹیسٹ کے نئے اور سخت معیار
ابرار احمد نے کہا کہ اس بار کھلاڑیوں کی فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔ قومی ٹیم کے فٹنس ٹیسٹ کے طریقہ کار کو تبدیل کرتے ہوئے ٹیسٹوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے، جبکہ جم سیشنز میں بھی 12 سے 13 نئے ٹیسٹ شامل کیے گئے ہیں۔
اپنی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابتدائی فٹنس ٹیسٹوں میں، میں اپنے 8 سے 9 کھلاڑیوں کے گروپ میں تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہا۔ زیادہ تر لڑکوں کے فٹنس ٹیسٹ بہت اچھے رہے ہیں اور جب دوبارہ ٹیسٹ ہوں گے تو کھلاڑیوں کے درمیان ایک بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ذاتی طور پر جسمانی لحاظ سے بہترین کنڈیشن میں محسوس کر رہے ہیں کیونکہ جتنا زیادہ وقت گراؤنڈ میں گزرے گا، اسکلز اور فٹنس اتنی ہی بہتر ہوگی۔
رینکنگ میں نمبر ون بننے کا عزم
مستقبل کے عزائم پر بات کرتے ہوئے ابرار احمد نے بولڈ اہداف کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے سے زیادہ دور نہیں ہیں اور پوری کوشش ہے کہ وہ محدود اوورز کے دونوں فارمیٹس میں دنیا کے نمبر ون بولر بنیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنی رینکنگ کو مزید بہتر بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
لیجنڈز کی زیر نگرانی تیاری اور ویسٹ انڈیز کا چیلنج
قومی اسپنر نے سابق کھلاڑیوں کی کوچنگ کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق، اسد شفیق، عمر گل اور سرفراز احمد جیسے ‘فائٹرز’ کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ شاندار رہا ہے، وہ نہ صرف بولنگ بلکہ مصباح الحق کی زیر نگرانی اپنی بیٹنگ اسکلز پر بھی خصوصی محنت کر رہے ہیں۔
ویسٹ انڈیز سیریز کی تیاریاں
کھلاڑیوں نے تین مختلف سیشنز پر مشتمل ایک ماہ کے سخت تربیتی مرحلے سے گزر کر ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کی تیاری کی ہے، جس کا ٹیم کو بھرپور فائدہ ہوگا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم ویسٹ انڈیز میں ضرور کامیاب ہوگی۔
انگلینڈ سیریز اور بین اسٹوکس کی عدم موجودگی
انگلینڈ کے خلاف آنے والے چیلنج پر بات کرتے ہوئے ابرار احمد کا کہنا تھا کہ انگلینڈ ایک بڑی ٹیم ہے جو ہمیشہ پوری تیاری کے ساتھ آتی ہے تاہم انہوں نے اشارہ کیا کہ بین اسٹوکس ایک ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں اور انگلش ٹیم کو ان کی کمی ضرور محسوس ہوگی۔
دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ:قومی کرکٹ ٹیم کا متوقع اسکواڈ سامنے آگیا
انہوں نے واضح کیا کہ وہ ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں میں یکساں کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہیں اور جب بھی ٹیم کو ضرورت ہوگی، وہ میدان میں اپنا سو فیصد دیں گے۔
