پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی کونسل آف کیمپلینٹس نے جیو نیوز کی محرم الحرام ٹرانسمیشن سے متعلق تنازع پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی طلب کر لی ہے۔
پیمرا کے مطابق جیو نیوز نے 26 جون کو محرم کے خصوصی پروگرام “سفرِ عشق” میں مذہبی، ثقافتی اور سماجی حساسیت کے منافی مناظر نشر کیے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ مواد ناظرین کے مذہبی جذبات مجروح کرنے اور عوامی امن و امان متاثر کرنے کا باعث بن سکتا تھا۔
اتھارٹی نے اس اقدام کو پیمرا آرڈیننس 2002، قواعد 2009 اور ضابطہ اخلاق 2015 کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے 27 جون کو جیو نیوز کا لائسنس 15 دن کے لیے معطل کر دیا تھا اور چینل کے خلاف مزید قانونی چارہ جوئی کے لیے معاملہ کونسل آف کیمپلینٹس میں بھیجا تھا۔ اس کے علاوہ جیو نیوز کو اس معاملے کی داخلی انکوائری کر کے کونسل میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔
بعد ازاں چینل کی جانب سے اخبارات میں باقاعدہ معذرت شائع کی گئی، جس میں کہا گیا کہ یہ واقعہ انسانی غلطی کا نتیجہ تھا، متعلقہ مواد ہٹا دیا گیا ہے اور اندرونی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
30 جون کو منعقد ہونے والے کونسل آف کمپلینٹس کے اجلاس میں جیو نیوز انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ غلطی غیر ارادی تھی اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، تاہم کونسل کے مطابق اس حوالے سے کوئی دستاویزی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔
کونسل کی چیئرپرسن ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر نے معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کو ایک خط لکھا ہے جس میں استفسار کیا گیا ہے کہ آیا چینل کی معطلی، معذرت اور اب تک کی گئی کارروائی کافی ہے یا اسلامی احکامات اور تعلیمات کی روشنی میں مزید اقدامات درکار ہیں۔
کونسل سے 7 دن کے اندر یعنی 8 جولائی 2026 تک رہنمائی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
