محکمہ موسمیات نے کل سے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔
یکم جولائی سے بارشوں کا مغربی سسٹم ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات نے کل سے پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق یکم سے 6جولائی تک لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری میں بارشیں ہونے کی توقع ہے، گلیات،کشمیر ، گلگت بلتستان اور سندھ میں بھی موسلادھاربارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے ملک کے مختلف اضلاع میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
اس سال بارشوں کا باقاعدہ آغاز ملک کے شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر کے علاقوں سے ہونے کی امید ہے، جس کے بعد یکم جولائی سے ملک کے بالائی شمالی حصوں اور پنجاب کے شمال مشرقی علاقوں میں بارشیں ہونے کی توقع ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 6 جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کے خطرے سے خبردار کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، شیخوپورہ اور نارووال سمیت متعدد اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، قصور، نورپور تھل، بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں اور گردونواح میں بھی بارش متوقع ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آسمانی بجلی اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں، گردوغبار اور تیز آندھی کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، جبکہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں جاری شدید گرمی کی وجہ سے پہاڑوں پر جمی برف اور گلیشیر بہت تیزی سے پگھلنا شروع ہو گئے ہیں، بارشوں کی وجہ سے اچانک گلیشیر پگھلنے، پہاڑی جھیلیں پھٹنے، سیلاب آنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا بہت بڑا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں گلیشیائی برف پگھلنے سے وہاں کے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ بہت تیز ہو جائے گا اور پانی کی سطح اچانک بلند ہو سکتی ہے۔
پاک بحریہ کے شہید افسرکی باہمت اہلیہ نے پاکستان نیوی میں بطورآفیسر کمیشن حاصل کرلیا
این ڈی ایم اے نے خبردار کرتے ہوئے سیاحوں، راستوں سے گزرنے والے مسافروں اور وہاں کے مقامی لوگوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ گلیشیرز سے نکلنے والے ندی نالوں اور دریا کے کناروں سے دور رہیں تاکہ کسی بڑے حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔
