مغربی ایران میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پاسداران انقلاب کے 2 اہلکار جاں بحق ہو گئے ہیں۔
اسلامی پاسدارانِ انقلاب کے دو اہلکار مغربی ایران کے شہر پاوہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے جبکہ دو دیگر اہلکار زخمی ہوئے ہیں، یہ حملہ منگل کی صبح اس وقت ہوا جب نامعلوم مسلح افراد نے اہلکاروں کے گھر پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت سردار موسیٰ زارعی اور رسول رضائی کے نام سے کی گئی ہے، زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور واردات کے بعد فرار ہوگئے جبکہ ایرانی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن اور تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
دوحہ میں ایرانی وفد کی امریکی مذاکرات کاروں سے کوئی ملاقات نہیں ہوگی، اسماعیل بقائی
شہر پاوہ، جو عراق کی سرحد کے قریب واقع ہے، ماضی میں بھی سیکیورٹی فورسز اور مسلح گروہوں کے درمیان جھڑپوں کا مرکز رہا ہے تاہم اس تازہ حملے کی وجوہات اور محرکات کے بارے میں حکام نے ابھی کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا۔
