ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے ورلڈ کپ کی تاریخ میں مسلسل 7 میچوں میں گول کرنے والے پہلے فٹبالر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گروپ مرحلے کے آخری میچ میں ارجنٹائن نے اردن کو 3-1 سے شکست دی۔ میسی نے میچ کا آغاز بیچ سے کیا اور 60ویں منٹ میں میدان میں آئے، جہاں 70 ہزار سے زائد شائقین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
میسی نے 80ویں منٹ میں شاندار فری کک کے ذریعے گول کر کے ورلڈ کپ میں اپنے مجموعی گولز کی تعداد 19 کر دی۔ جس کے ساتھ انہوں نے مردوں کے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کے اپنے ریکارڈ کو مزید بہتر بنا لیا۔
اس گول کے ساتھ میسی نے فرانس کے جسٹ فونٹین اور برازیل کے جائیرزینہو کا مسلسل 6 میچوں میں گول کرنے کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
یہ میسی کے کیریئر کا فری کک پر 72واں جبکہ ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے لیے 12واں فری کک گول تھا۔ وہ اب بین الاقوامی فٹبال میں 202 میچز میں 123 گول اسکور کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈکپ ، آسٹریا 72 سال میں پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گیا، ایران ایونٹ سے باہر
ارجنٹائن کی جانب سے دیگر گولز لو سیلسو اور لاؤتارو مارٹینز نے اسکور کیے، جبکہ اس کامیابی کے ساتھ ارجنٹائن نے گروپ مرحلہ پہلی پوزیشن پر ختم کیا۔
