لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی۔
قومی ٹیم نے نیدرلینڈز کو 37 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ کھاتہ کھول دیا، میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔
اوپنر گلفروزہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، ان کا بھرپور ساتھ عائشہ ظفر نے دیا، جنہوں نے 32 رنز اسکور کر کے مجموعے کو مضبوط بنایا۔
127 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 89 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستانی امپائر راشد ریاض وقار کو بڑا اعزاز، آئی سی سی ایمرجنگ پینل میں شامل
قومی کپتان فاطمہ ثناء نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عائشہ ظفر نے بھی گیند کے ساتھ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی آل راؤنڈ کارکردگی نے نہ صرف ٹیم کو ایونٹ میں پہلی فتح دلائی بلکہ آئندہ میچز کے لئے بھی اعتماد میں اضافہ کر دیا۔ شائقین کو امید ہے کہ قومی ٹیم اسی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ میں مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔
