اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
پنجاب کے متعدد اضلاع جن میں میانوالی، خوشاب، چکوال، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، گوجرانوالہ، قصور، ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان شامل ہیں، بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ، پشاور، مردان، صوابی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، دیر، مالاکنڈ، باجوڑ، خیبر اور وزیرستان سمیت مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، نواب شاہ، دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، سکھر اور گھوٹکی میں بھی بارش متوقع ہے۔ جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں کے باعث سڑکوں پر پھسلن، حدِ نگاہ میں کمی، بجلی کی فراہمی میں تعطل اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر کرنے سے گریز، موسمی صورتحال سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
