پاکستان میں پیشے کے انتخاب کے حوالے سے خاندان کی رائے اور اثر و رسوخ کو ہمیشہ مرکزی حیثیت حاصل رہی ہے۔
دہائیوں سے کچھ مخصوص پیشے کامیابی، معاشی استحکام اور سماجی وقار کی علامت سمجھے جاتے ہیں، جس کے باعث والدین اکثر نہ صرف اپنے بچوں کو انہی شعبوں میں بھیجنے پر بضد ہوتے ہیں بلکہ اپنی اولاد کیلئے شریکِ حیات کا انتخاب کرتے وقت بھی انہی مخصوس شعبوں سے منسلک افراد کو ترجیح دیتے ہیں۔
اگرچہ وقت کے ساتھ جاب مارکیٹ میں بڑی تبدیلیاں آ چکی ہیں، تاہم والدین کی اکثریت کے پسندیدہ روایتی کیریئرز میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی۔
ڈاکٹر آج بھی پسندیدہ پیشہ
والدین عموماً اپنے بچوں کے لیے ایسے شعبوں کو ترجیح دیتے ہیں جن میں معاشی تحفظ، معاشرتی عزت اور طویل مدتی ترقی کے مواقع موجود ہوں۔ اسی سوچ کے باعث طب، انجینئرنگ اور سول سروسز جیسے شعبے آج بھی سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے کیریئرز میں شامل ہیں۔
طب کے شعبے میں ڈاکٹر بننا پاکستانی والدین کی اولین ترجیحات میں شمار ہوتا ہے۔ ڈاکٹرز کو معاشرے میں نہ صرف عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے بلکہ یہ پیشہ بہتر آمدنی اور بیرون ملک روزگار کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔ اگرچہ اس شعبے کی تعلیم طویل اور مشکل ہے، لیکن والدین کے مطابق اس کے فوائد اسے قابلِ ترجیح بناتے ہیں۔
اسی طرح انجینئرنگ کو بھی ایک مضبوط اور مستحکم کیریئر سمجھا جاتا ہے۔ سول، مکینیکل، الیکٹریکل اور سافٹ ویئر انجینئرنگ جیسے شعبے جدید ترقی اور انفراسٹرکچر کی ضرورت کے باعث مسلسل مواقع فراہم کرتے ہیں۔
سول سروسز اور سرکاری ملازمت
سول سروسز کو بھی پاکستانی والدین کی پسندیدہ کیریئرز میں نمایاں مقام حاصل ہے۔ سرکاری ملازمتیں نہ صرف استحکام فراہم کرتی ہیں بلکہ سماجی حیثیت اور اختیار کے باعث بھی پرکشش سمجھی جاتی ہیں۔
چارٹرڈ اکاؤنٹنسی، وکالت، یونیورسٹی پروفیسر، مسلح افواج میں افسر، بینکنگ اور آئی ٹی جیسے شعبے بھی ان پسندیدہ کیریئرز میں شامل ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مقبول ہوئے ہیں۔ خاص طور پر آئی ٹی کے شعبے میں سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا اینالیسس جیسے پیشے عالمی طلب کے باعث تیزی سے اہمیت اختیار کر رہے ہیں۔
گزشتہ چند برسوں میں کاروباری شعبہ اور انٹرپرینیورشپ بھی والدین کی سوچ میں جگہ بنانے لگا ہے، کیونکہ ڈیجیٹل معیشت اور اسٹارٹ اپ کلچر نئے مواقع پیدا کر رہا ہے۔
2026 میں یہ رجحان بتدریج تبدیل ہو رہا ہے، جہاں روایتی کیریئرز کے ساتھ ساتھ جدید ڈیجیٹل پیشوں کو بھی قبولیت مل رہی ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق والدین اور بچوں کے درمیان بہتر رابطہ اور رہنمائی ہی ایک متوازن اور کامیاب کیریئر کے انتخاب میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
